راولپنڈی ،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سرپرائز ڈے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ‘آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ ‘کے 4 سال مکمل ہونے پر پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے،آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 4 برس مکمل ہونے پر ٹوئٹر پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارت نے پلوامہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد بزدلانہ حملے کی کوشش کی ، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے موقع پر مسلح افواج اور عوام نے بہترین عزم کا مظاہرہ کیا ، پاکستان نے مؤثر اور دلیرانہ جواب دے کر بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ 27 فروری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی پر امن قوم ہے، مسلح افواج وطن کےچپے چپے کی حفاظت کیلئے بھرپور تیار ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف کسی جارحیت کے نتیجے میں جنگ دشمن کے علاقے میں لڑی جائے گی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب مسلح افواج اور عوام بھرپور طاقت سے دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ، ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ٹوئٹر پر شہباز شریف نے لکھا کہ 27 فروری 2019 کو پلوامہ حملے کے بہانے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیا گیا جس پر آج قوم پاک فضائیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے ، وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب کے ساتھ پرامن رہنے کے خواہاں ہیں ، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
واضح رہے کہ 27 فروری 2019 میں پلوامہ حملے کے جھوٹے پروپیگنڈے اور کنٹرول لائن پار کرنے کی غلطی پر پاکستان نے بھارت کو “آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ” کی صورت میں کرارا جواب دیا تھا۔4 سال پہلےاسی دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 2 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے اور بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار کرلیا تھا جس کے بعد ” Tea Is Fantastic” بھارتی فضائیہ کی ناکامی کا استعارہ بن گیا۔
پاک فوج