اسلام آباد وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری سے متعلق آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام کے تحفظات کو دور کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی، انہوں نے ان خیالات کا اظہاراسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے قائم شدہ کمیٹی کے سربراہ وزیر قانون آزاد کشمیر فہیم ربانی، ایم ایل اے احمد رضا قادری، ایم ایل اے دیوان علی خان، ایم ایل اے فیصل راٹھور کے علاوہ وزارت خارجہ ، داخلہ ، ادارہ شماریات اور دیگر اعلی عہدیداران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مشیر امورکشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کا خطہ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور وزیر اعظم پاکستان محمدشہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ آزادکشمیر کے تمام تر معاملات ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جائیں ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری پر آزادکشمیرحکومت اور عوام کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کرے گی اور اس ضمن میں ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، اس سے قبل آزادکشمیرکے وزیرقانون فہیم ربانی اورکمیٹی کے دیگر ارکان نے آزادکشمیر میں جاری مردم شماری میں شہریت ، زبان اور سکونت کے حوالے سےاپنےتحفظات سےاجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری میں موجود ابہام اور تحفظات سے آزاد کشمیر کی سیاسی اور مالیاتی صورتحال پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے، اجلاس میں ادارہ شماریات کے چیف سٹیٹیشن نے اجلاس کے شرکاء کو آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری کےمتعلق تکنیکی اور انتظامی صورتحال اور مینڈیٹ سے آگاہ کیا ، مشیر امورکشمیر نے اجلاس کےشرکاء کو ایک مرتبہ پھر یقین دلایا کہ ان کی وزارت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور یہ ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے مسائل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں اور تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرکے اس مسئلے کا قابل قبول حل ممکن بنائیں گے۔