چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ آج مسلم لیگ ن دوبارہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو دھمکیاں دے رہی ہے، انتخابات سے خوف زدہ ہے ۔
صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن آئین و قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہوگی۔ پاکستانی فوج میری فوج ہے اور پاکستان ہم سب کا ہے، عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں، آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کیلئے تحریک انصاف آخری حد تک جائے گی، وکلاء کی تحریک میں پوری قوم ان کے ساتھ ہو گی، مضبوط پاکستان کیلئے مضبوط فوج انتہائی ضروری ہے، قومی ادارے اور ان کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ہمارے ہزاروں ساتھیوں کو گھروں سے اٹھایا گیا ہے ، پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکن کہاں ہیں کسی کو علم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ چاہتاہوں ضرورت پڑنے پر قوم آئین، جمہوریت، قانون کی حکمرانی کے دفاع کیلئےسڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہے، ہم ان تمام سیاسی جماعتوں سےبات کریں گے جو اس سازش کیخلاف کھڑی ہونےکو تیار ہیں، وکلا برادری سے خصوصی اپیل ہےکہ آئینِ پاکستان اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کیلئے آگے بڑھے ، وکلا برادری نے 2007 کی وکلا تحریک کے دوران آگے بڑھ کر کردار ادا کیا تھا۔