امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پنجاب، کے پی اور اسلام آباد میں فوج طلب

وفاقی کابینہ نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فوج  کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے پنجاب، کے پی اور اسلام آباد میں فوج تعینات کرنےکی منظوری دی ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، فیصل آبادمیں اہم شخصیات کے گھروں  پر رینجرز تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے۔9

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی ، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔

دوسری جانب سندھ میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مشتعل کارکنوں نے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ شروع کردیا تھا۔

گزشتہ روز مشتعل مظاہرین نے کور کمانڈر لاہور کے گھر پر حملہ کیا تھا۔

آج پشاور میں پولیس اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مشتعل کارکنان کے درمیان جھڑپوں میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پشاور کی شیرشاہ روڈ پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے بعض کارکنان مسلح بھی ہیں جو فائرنگ بھی کر رہے ہیں جب کہ پولیس کی جانب سے بھی فائرنگ کی جارہی ہے۔