باغ باغ ضمنی انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل ، پولنگ میٹریل ،عملہ اور سیکورٹی فورسز پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ گئیں ،پولنگ آج ہو گی،کمشنر پونچھ چوہدری فرید، ڈی آئی جی پونچھ ڈویژن سردار ظہیر کا باغ کا دورہ انتظامات کا جائزہ لیا، حلقہ وسطی باغ میں آج 1 لاکھ 1 ہزار 146 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 53 ہزار مرد 48 ہزار خواتین ووٹرز شامل ہیں، حلقہ وسطی باغ کے 189 پولنگ اسٹیشنز میں سے 20 کو حساس ترین 29 کو حساس قرار دیا گیا ہے، پورے حلقہ کو انتظامی طور پر 15 زونز اور 35 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے ، ہر زون میں اسسٹنٹ کمشنر یا مساوی عہدے کا آفیسر ڈیوٹی مجسٹریٹ اور ڈی ایس پی رینک کے آفیسرز سیکورٹی فورسز کی کمانڈ کریں گے ، ضلعی انتظامیہ نے وسطی باغ کے 189 پولنگ اسٹیشنز پر 2578 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا ہے ، مرکزی حکومت کی طرف سے فرنٹیئر کانسٹبلری اور رینجرز کے دستے بھی باغ پہنچ گئے ہیں ، ریٹرننگ آفیسر سید ذوالفقار علی شاہ نے 189 پولنگ اسٹیشنز پر تعینات پریذائیڈنگ آفیسرز کو پولنگ میٹریل حوالے کر کے سیکورٹی عملہ کی نگرانی میں گزشتہ روز ہی تمام پولنگ اسٹیشنز پر پہنچا دیا تھا، ڈپٹی کمشنر باغ عبدالحمید کیانی اور ایس پی باغ ساجد عمران سیکورٹی انتظامات ، پولنگ عملہ اور پولنگ میٹریل کی ترسیل کی خود نگرانی کر رہے ہیں ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے ضمنی انتخابات کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ،آزاد کشمیر پولیس کے 2578 جوان پولنگ اسٹیشنز پر سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے ، ایف سی اور رینجرز کے اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی باغ پہنچ چکی ہے ، ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پر امن اور آزادانہ ماحول فراہم کریں گے ، ووٹرز کے علاوہ کسی غیر متعلقہ شخص کو پولنگ سٹیشن کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
وسطی باغ الیکشن