اسلام آباد آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا ۔اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنظیموں کی رجسٹریشن کے حوالے سے موجودہ قانون میں ضروری ترامیم کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں پرائیویٹ اور سرکاری آٹے کی قیمت میں توازن لانے کیلئے سفارشات مرتب کرنے،سرکاری آٹے کی ترسیل کے نظام میں بہتری کیلئے لائحہ عمل بنانے کیلئے بارہ وزراء پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جو ایک ماہ میں اپنی سفارشات پیش کرے گی ۔کمیٹی کے ارکان میں وزراء حکومت اظہر صادق ، ماجد خان ،اکمل سرگالہ ،چوہدری رشید ،میاں وحید ،سردار ضیاءالقمر ،سردار عامر الطاف ،سردار فہیم اختر ربانی ،دیوان علی خان چغتائی اور جاوید اقبال بڈھانوی شامل ہیں۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے شرکاء اجلاس کو بتایا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ و پنشن میں وفاقی حکومت کی طرز پر اضافہ کئے جانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ، اس ضمن میں تقریبا 18 ارب روپے سالانہ کے مالی مضمرات ہونگے ، ان اخراجات کو پورا کرنے اور اس ضمن میں ذرائع آمدن میں مطلوبہ اضافہ کرنے کی خاطر کابینہ کی یہ بارہ رکنی کمیٹی سفارشات مرتب کرے گی ۔کابینہ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر ، وزیر خزانہ کرنل (ر) وقار احمد نور ،وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور ،سید بازل علی نقوی ،سردار میر اکبر خان ،سردار محمد حسین ،چوہدری ارشد حسین ،عبدالماجد خان ،محمد اکبر ابراہیم ،سردار عامر الطاف ،میاں عبدالوحید ،چوہدری محمد رشید ،راجہ محمد صدیق ،جاوید اقبال بڈھانوی ،سردار محمد جاوید ایوب ،ڈاکٹر نثار انصر ابدالی ،چوہدری اظہر صادق ،چوہدری محمد اخلاق ،ظفر اقبال ملک ،چوہدری یاسر سلطان ،احمد رضا قادری ،چوہدری قاسم مجید ،سردار ضیاءالقمر ،جاوید احمد بٹ ,عاصم شریف بٹ ،چوہدری عامر یسین ،چئیرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن پیر مظہر الحق چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمدعثمان چاچڑ ، ایدیشنل چیف سیکرٹری ترقیات /پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو چوہدری لیاقت حسین ،سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن راجہ امجد پرویز ،سیکرٹری قانون ،انصاف و پارلیمانی امور ارشاد قریشی نے شرکت کی۔
ملازمین,تنخواہ اضافہ