سمندرپارپاکستانیوں کی نشاندہی پر ذاتی موبائل فون پر کسٹم ڈیوٹی کی میعاد 2 ماہ سے بڑھا کر 120 دن کی جارہی ہے: وزیراعظم— فوٹو: پی آئی ڈی
سمندرپارپاکستانیوں کی نشاندہی پر ذاتی موبائل فون پر کسٹم ڈیوٹی کی میعاد 2 ماہ سے بڑھا کر 120 دن کی جارہی ہے: وزیراعظم— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے نظام کا اجرا کردیا۔

تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ سمندرپارپاکستانیوں کی نشاندہی پر ذاتی موبائل فون پر کسٹم ڈیوٹی کی میعاد 2 ماہ سے بڑھا کر 120 دن کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تارکین وطن کیلئے عارضی رجسٹریشن آن لائن نظام کا اجرا کیا ہے، اس پر وفاقی وزیر آئی ٹی اور وزارت کے اعلیٰ حکام، ایف بی آر، پی ٹی اے کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ ایک اہم ڈیوائس ہے جو سمندر پار لاکھوں پاکستانیوں کیلئے ایک بہترین سہولت ہے، انہیں یہ سہولت گھر بیٹھے میسر آئے گی اور وہ 4 ماہ تک بغیر ٹیکس دیے اپنا فون استعمال کرسکیں گے، اس میں 120 دن کی توسیع بھی دی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ موبائل فونز پر ٹیکس عائد نہ کرنے کی رائے صائب ہے لیکن اس پر فیصلے کیلئے مزید اجتماعی مشاورت اور سوچ بچار کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ملک میں لاکھوں بچوں کو میرٹ پر دوبارہ لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں، اسکول کے بچوں اور اساتذہ کو ٹیبلٹ کی فراہمی کا پروگرام بھی شروع ہونا چاہیے تھا۔

 تقریب سے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے خطاب کرتےہوئے کہا کہ اس عارضی رجسٹریشن کے نظام سے بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو 120 دن تک اپنا فون بغیر ٹیکس ادا کیے استعمال کرنے کی اجازت ہو گی جبکہ وہ اس میں 120 دن کی توسیع بھی کروا سکتے ہیں، یہ ایک اچھا اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے موبائل فون پر ٹیکس نہیں ہونا چاہیے، پاکستان میں پہلی بار موبائل فون تیار کرنے کے کام کا آغاز ہوا ہے اور 28 مختلف کمپنیاں یہاں فون تیارکررہی ہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار موبائل فون برآمد کیے گئے۔

ان کا کہنا تھاکہ آئندہ ماہ اقتدار سے الگ ہو جائیں گے اور قوی امید ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں دوبارہ برسر اقتدار آ کر اس کام کو اسی طرح جاری رکھیں گے۔