ہلال احمر پاکستان بلا تفریق، رنگ،نسل وفرقہ انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے(گلزار فاطمہ سیکرٹری پاکستان ریڈ کریسنٹ)
یوم عاشور کے موقع پر پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے 500سے زائد عزاداران کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
60عزاداران کو ہلال احمر کی ایمبولینس کے ذریعے شیخ زائد ہسپتال منتقل کیا گیا۔(ترجمان ہلال احمرآزادکشمیر سٹیٹ برانچ)
ہلال احمر پاکستان آزادکشمیرکی جانب سے مظفرآباد، کوٹلی اور میرپورمیں ابتدائی طبی امداد کے کیمپوں کا اہتمام۔
مظفرآباد:۔ پاکستان ہلال احمرآزادکشمیر سٹیٹ برانچ نے یوم عاشور کے سلسلے میں مظفرآباد، اور میرپور ڈویژن میں دو روزہ ابتدائی طبی امدادی کیمپ کا اہتمام کیا۔ ہلال احمر پاکستان آزادکشمیر کے ابتدائی طبی امداد کے شعبہ کے فرسٹ ایڈ ریسپانڈرز ٹیم 9تا 10محرم کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں عزاداران کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے موجود تھیں۔
یاد رہے کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ہر سال نو اور دس محرم الحرام کو مرکزی راستوں سے برآمد ہونے والے جلوسوں کے ہمراہ موجود رہتے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش آنے کی صورت میں جس میں عزاداران کا زخمی ہو جانا بھی شامل ہے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جاتی ہیں۔ بادی النظر میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اپنے فرسٹ ایڈ ریسپانڈرز کے ساتھ ساتھ ایمبولینس بھی تعینات کی جاتی ہیں تاکہ شدید زخمی ہونے والے عزاداران کو فوری طور ابتدائی طبی امداد کے بعد فوراً ہسپتال منتقل کیا جاسکے۔
اس موقع پر سیکرٹری پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی گلزار فاطمہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی انسانیت کی خدمت پر بلا تفریق، رنگ و نسل یقین رکھتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر سال پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی یوم عاشور کے موقع پر فرسٹ ایڈ پوسٹوں کا قیام عمل میں لاتی ہے جس کا مقصد عزاداران اور شرکائے جلوس کو کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جاسکے گلزار فاطمہ کا مزید کہنا تھا کہ ہلال احمر پاکستان سب سے پہلے پہنچنے اور سب سے آخر میں جانے کی روایات کو ہمیشہ کی طرح برقرار رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان ہلال احمر پاکستان سٹیٹ برانچ کا کہنا تھا کہ ہمیں یوم عاشورہ کے موقع پر بلا تفریق انسانی خدمت کے جذبے کوبرقرار رکھنے میں اپنے سٹاف اور رضاکاروں پر فخر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انسانی مصائب کے خاتمے کے لئے ہمارے رضاکاروں کی لگن اور عزم غیر متزلزل ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے پروگرام کوآرڈینیٹر یاسر جوش کی سربراہی میں، ڈسٹرکٹ فرسٹ ایڈ آفیسر سمیت 10تربیت یافتہ فرسٹ ایڈ ریسپانڈرز نے 09اور10محرم الحرام کو تعینات رہے اور اپنی خدمات سر انجام دیں۔
ہلال احمر پاکستان کے پروگرام کوآرڈینیٹر یاسر جوش کا کہنا تھاکہ ”ضلع مظفرآباد میں ہلال احمر کے سٹاف نے مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہونے والے جلوس میں 260سے زائد عزاداران کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ ضلع کوٹلی میں برآمد ہونے والے مرکزی جلوس میں 200عزاداران کو فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی اور ضلع میرپور میں 100سے زائد عزاداران کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ مظفرآباد میں 50سے زائد عزاداران کو شدید زخمی ہونے کی وجہ سے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی ایمبولینس کے ذریعے شیخ زائد ہسپتال منتقل کیا گیا“۔
سیکرٹری پاکستان ریڈ کریسنٹ نے سٹاف اور رضاکاروں کو ان کی لگن اور بلا تفریق ہر جگہ انسانی خدمات فراہم کرنے پر سراہا۔