مظفرآباد ترجمان محکمہ صحت عامہ شعبہ پلاننگ مظفرآباد نے واضح کیا ہے کہ مظفرآباد سے 200بستر جنرل ہسپتال ٹھوٹھہ کی منتقلی کی خبر من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ ٹھوٹھہ ہسپتال کیلئے50 کنال اراضی محکمہ صحت کے حوالے کر دی گئی ہے جبکہ ہسپتال حکومتی فورم پر منظوری کیلئے زیرکار ہے۔ مظفرآباد میں 200بستر جنرل ہسپتال کی تعمیر کے لیے ترقیاتی منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام مالی سال 2021-22میں شامل ہوا۔ ہسپتال کی تعمیر کی اراضی کے لیے حکومت آزادکشمیر نے فیصلہ کیا تھا کہ ٹھوٹھہ سٹیلائیٹ ٹاؤن کے مقام پر اس ہسپتال کی تعمیر کی جائے گی چنانچہ ہسپتال کی تعمیر کے لیے اراضی تعدادی 50کنال محکمہ صحت عامہ کے حوالہ کی گئی اور اس اراضی پر گزشتہ مالی سال کے دوران سنٹرل ڈیزائن آفس مظفرآباد نے مجوزہ ہسپتال کا ڈیزائن تیار کیا اور محکمہ صحت عامہ نے زیر بحث ہسپتال کا پی سی ون مرتب کر کے بغرض منظوری محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات آزادکشمیر کو ارسال کیا ہوا ہے۔ 200بستر جنرل ہسپتال ٹھوٹھہ مظفرآباد یا دیگر کسی منصوبہ کی ضلع بھمبر میں منتقلی کی خبر درست نہ ہے بلکہ محکمہ صحت عامہ بمطابق دستیاب وسائل آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں ہیلتھ انفراسٹرکچر کی بہتر تعمیر اور سروسز کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔