مظفر آباد (نیوز ایجنسیاں) بھارت میں قید حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کیلئے اہلیہ مشال ملک اور ان کی بیٹی رضیہ سلطانہ نے اقوام متحدہ میں قرارداد جمع کرا دی۔تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کیلئے ان کی اہلیہ اور بیٹی مظفر آباد پہنچ گئیں ، رضیہ سلطانہ نے اقوام متحدہ مبصر دفتر میں قرارداد جمع کرائی جس میں اقوام متحدہ سے یاسین ملک کو انصاف دلانے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ رضیہ سلطانہ اپنی والدہ مشال ملک کے ہمراہ مظفر آبادپہنچیں ، یاسین ملک سےاظہاریکجہتی کیلئے لوگوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، لوگوں نے یاسین ملک کو رہا کرو کے نعرے لگائے۔مشال ملک نے کہا کہ مودی انتخابات جیتنے کیلئے کچھ بھی کرسکتا ہے۔ رضیہ سلطانہ نے کہا کہ میں اپنے بابا سے ملنا چاہتی ہوں ، ان کے ساتھ کھیلنا چاہتی ہوں ، سب ان کے لیے آواز اٹھائیں۔اس موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتےہوئےوزیر خزانہ آزادکشمیر عبدالماجد خان نے کہا کہ رضیہ سلطانہ نےاقوام متحدہ میں ایک اور قرار داد جمع کرائی ہے ،مقبوضہ کشمیر میں کوئی انسانی حقوق نہیں ہیں ، بھارت کا چہرہ مزید بدنما اور بد کردار ہو چکا ہے ، مودی نےگجرات میں جو کیا وہی کشمیر میں بھی کرنا چاہتا ہے ، دنیا کو چاہیے کہ رضیہ سلطانہ کی آواز سنے۔ رکن آزادکشمیر اسمبلی پیر محمدمظہر نے کہا کہ کشمیری عوام اپنےخود ارادیت کےوعدے کی تکمیل چاہتے ہیں،کشمیریوں کی تین نسلیں وعدے کی تکمیل کا انتظار کر رہی ہیں، بھارت میں آر ایس ایس کے غنڈے علاقے خالی کرارہےہیں۔