اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے چینی کی برآمد پر پابندی عائدکرنے کی منظوری دے دی۔
نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چینی کی برآمد پر پابندی عائدکرنےکی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کی سمری پر ای سی سی نے چینی کی برآمد پر پابندی کی منظوری دی۔
خیال رہے کہ ملک میں چینی کی قیمت میں اچانک سے اضافہ دیکھا جارہا ہے، کراچی میں صرف ماہ اگست میں ہی چینی کی فی کلو قیمت میں 23 روپے اضافہ ہوچکا ہے۔
کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 157 روپے ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں آج چینی کی فی کلو قیمت میں 10 روپےکا اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں ماہ کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 20 روپےکا اضافہ ہوا ہے اور چینی کی فی کلو قیمت 160 سے بڑھ کر 170 روپے ہوگئی ہے۔