مظفر آباد: (دنیا نیوز) سپیکر اسمبلی چودھری لطیف اکبر اور وزراء نے کہا وزیراعظم آزاد کشمیر نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
مظفر آباد میں سپیکر اسمبلی چودھری لطیف اکبر، میاں عبدالوحید، دیوان علی خان چغتائی، سردار جاوید ایوب، چودھری محمد رشید، ممبر اسمبلی نثارعباسی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، سپیکر نے کہا لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے جن کو کم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔
وزراء نے گفتگو کرتے ہوئے کہا آٹے کی قیمتوں میں نہ تو اضافہ ہو رہا ہے نہ ایسا کوئی ارادہ ہے، وزیراعظم چودھری انوارالحق نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے، پرانے ٹیرف پر ہی بل وصول کئے جائیں گے۔
میاں عبدالوحید نے کہا وزیراعظم آزاد کشمیر عوامی مسائل کے حل کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں، واپڈا مظفرآباد میں واٹر باڈیز تعمیر کرنے کیلئے تیار ہے، ہم مظاہروں کے خلاف نہیں، احتجاج کو جمہوریت کی نظرسے دیکھتے ہیں۔
وزراء نے کہا عوامی ایشوز پر جس طرح وزیراعظم کام کررہے ہیں بہت جلد نتائج عوام کے سامنے ہوں گے، نیلم جہلم پراجیکٹ بارے ہائیکورٹ کے فیصلہ پر من وعن عملدآمد یقینی بنائیں گے، حکومت فی من آٹا پر3 ہزار روپے سبسڈی دے رہی ہے۔
دیوان علی خان نے کہا وزیراعظم چودھری انوارالحق نے آٹا کی قیمتیں بڑھانے سے صاف انکار کر دیا، آٹا چوری کی روک تھام کیلئے بلدیاتی نمائندوں پر مشتمل سسٹم بنارہے ہیں، مقامی سطح سے پیدا ہونے والی بجلی آزاد کشمیر کو دینے بارے وزیراعظم نے معاملہ اٹھایا ہے