اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے منگلا، نیلم جہلم منصوبوں سے بجلی دینے کا مطالبہ کر دیا۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ میں وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے شرکت کی، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا ہم حکومت پاکستان سے فری بجلی نہیں مانگ رہے، ہمارا مطالبہ ہے ہمیں منگلا اور نیلم جہلم منصوبوں کی بجلی دی جائے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا باقی ڈسکوز اپنے نقصانات بھی ہم پر ڈال رہی ہیں، جو ناانصافی ہے، ہمیں ملازموں کی تنخواہوں کیلئے ترقیاتی پروگرام کی قربانی دینا پڑی، منتخب سینیٹرز کے ذریعے نگران حکومت تک اپنا مؤقف پہنچا دیا ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا مطالبات پر مذاکرات ہو رہے ہیں، سیکرٹری وزارت خزانہ، نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی سربراہی میں اجلاس بلا کر ایشو کو حل کریں۔