لاہور ہائیکورٹ نے رہائی کے حکم کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو گرفتار کرنے پر انسپکٹر جنرل(آئی جی) پولیس اسلام آباد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے انہیں 18ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہورہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پرسماعت کی۔
عدالت نے آئی جی پولیس اسلام آباد کے پیش نہ ہونے پر ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور انہیں 18ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔
اس سےقبل عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی عدالتی حکم کے باوجود گرفتاری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔
آئی جی اسلام آباد کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئی جی اسلام آباد کو بتائیں کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنا ان کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔
عدالت نے باور کرایا کہ آئی جی کو عدالت کے حکم پر پیش ہونا ہی پڑے گا، انہوں نے کس طرح سے پیش ہونا ہے، یہ ان پر منحصر ہے،آئی جی اسلام آباد خود پیش ہوں گے تو اور بات اور ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔