پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج بھی عمران خان اور بین الاقوامی اداروں کی وجہ سے پاکستان متعدد مسائل سے دوچار ہے لیکن صرف عمران خان کو بند کرنے سے ملک کے تمام مسائل حل نہیں ہوئے۔

پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس طرح اوکاڑہ کے عوام پیپلز پارٹی کے لیے نکلے تو پتا چلا کہ کیا وجہ تھی کہ محترمہ شہید بے نظیر بھٹو اوکاڑہ کو منی لاڑکانہ کہتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی حمایت کی وجہ سے سابق سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ صرف عمران خان کو بند کرنے سے ہم نے ملک کے تمام مسائل حل کر دیے ہیں، آج بھی عمران خان اور بین الاقوامی اداروں کی وجہ سے پاکستان متعدد مسائل سے دوچار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہی ملک کو معاشی و سیاسی بحران سے نکال سکتی ہے، ایک ہی جماعت ہے جو آج کے مسائل کے مطابق حل تلاش کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاہے پارلیمان کے اجلاس ہوں، اقوام متحدہ کے اجلاس ہوں یا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی بورڈ میٹنگ ہو، پیپلز پارٹی یہ خیال رکھے گی کہ کسی فیصلے سے عوام پر کیا بوجھ پڑے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 2009 میں جب معاشی ذمہ داری سونپی گئی اور حکومت کی ذمہ داری پیپلز پارٹی کے پاس تھی تو بھی معاشی بحران تھا، مہنگائی کی سونامی تھی اور دنیا میں کساد بازاری چل رہی تھی، لیکن اس وقت پیپلز پارٹی ہی تھی جس نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا انقلابی پروگرام شروع کیا، وہ پیپلز پارٹی ہی تھی جس نے ملک کے بحران کو سمجھا اور کہا کہ معاشی بحران ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مری ہوئی معیشت کو زندہ کرنا ہے۔