اسلام آباد ہائی کورٹ نے اٹک جیل میں قید چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سائفر کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
سابق وزیراعظم نے گزشتہ ہفتے بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی تھی جب کہ اس سے دو روز قبل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سابق وزیر اعظم کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی، اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر اور دیگر وکلا روسٹرم پر موجود تھے۔
دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے سماعت جلدی رکھنے کی استدعا کی جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ایک پروسیجر کے تحت معاملات چلتے ہیں، آپ سینئر وکیل ہیں، عدالتی طریقہ کار کو جانتے ہیں، آئندہ پیر کے لیے نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔