چناری کے نواحی علاقہ درہ سری ڈھوک میں کچے مکان پر آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق،ایک بکری ہلاک اور ایک رہائشی مکان جزوی طور پر تباہ ہو گیا،علاقہ کی فضا سوگوار، جاں بحق نو جوان کی نماز جنازہ درہ ڈنہ میں ادا، آبائی علاقے کے قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے سائے تلے سپرد خاک کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی،چناری کے نواحی علاقہ درہ سری ڈھوک میں کچے مکان پر آسمانی بجلی گرگئی جس کے نتیجہ میں دو بچوں کے باپ نوجوان چوہدری یامین ولد عبدالمجید جاں بحق،ایک بکری ہلاک اور مکان جزوی طور پر تباہ ہو گیا جاں بحق ہونے والے شخص کے ساتھ انکی بیوی اور دو بچے بھی تھے جو آسمانی بجلی سے محفوظ رہے آسمانی بجلی گرنے کے واقعہ کے بعد علاقہ میں سخت خوف وہراس پھیل گیا اور پورا علاقہ غم میں ڈوب گیا،جاں بحق ہونے والے شخص کی نماز جنازہ پیر کے روز درہ ڈنہ میں ادا کی گئی جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی،جاں بحق نوجوان کو آہوں اور سسکیوں کے سائے میں منوں مٹی تلے سپرد خاک کردیا گیا یاد رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات ضلع جہلم ویلی کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں شدید گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اسی دوران درہ سری ڈھوک میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بچوں کا باپ جاں بحق ہو گیا، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت،بلندی درجات ،سوگواروں کے صبر وجمیل کی دعا کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت آسمانی بجلی سے متاثرہ فیملی کو فوری طور پر مالی مدد فراہم کرے