پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام آفات سے آگاہی واک کا انعقاد
مظفرآباد: پاکستان ہلال احمر سوسائٹی (PRCS) آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام آفات سے آگاہی واک کا اہتمام۔ آگاہی واک کا مقصد خطے میں آفات سے نمٹنے اور پیشگی تیاری کو مؤثر بنانا تھا۔
تقریب میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی سیکرٹری گلزار فاطمہ، سٹاف ممبران، رضا کاران کے علاؤہ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سابق سیکرٹری چوہدری لیاقت، سعید قریشی، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد، پبلک اور سرکاری سکولوں کے طلباء وطالبات کے علاؤہ سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی
یاد رہے کہ ہر سال سات اکتوبر کو قدرتی آفات سے آگاہی کے سلسلے میں واک منعقد کی جاتی ہے تاکہ لوگوں میں اس حوالے سے شعور اجاگر کیا جاسکے۔
واک اپر اڈہ سے شروع ہو کر سی ایم ایچ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
واک کے دوران شرکاء نے بینرز، پلے کارڈز اور معلوماتی مواد اٹھا رکھا تھا جس میں قدرتی آفات جیسے زلزلے، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے لیے تیار رہنے کی اہمیت پر زور دیا گیا تھا، جو کہ آزاد جموں و کشمیر کے علاقے میں عام ہیں۔ تقریب میں PRCS اور SDMA کے حکام اور مقامی ماہرین نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور تیاری کے بارے میں تقاریر بھی کیں۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ، سرکاری و نجی اسکولوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی واک میں حصہ لیا۔
واک کے اختتام پر سیکرٹری گلزار فاطمہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، “ہمارا مشن ایک ایسی کمیونٹی بنانا ہے جو آفات سے نبرد آزما ہونے اور اس کی تیاری مؤثر طریقے سے کر سکے۔ یہ آگاہی واک لوگوں کو تیاری اور حفاظتی اقدامات کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے ہمارے اقدامات میں سے ایک ہے۔”
سیکرٹری گلزار فاطمہ نے واک میں شرکت پر
شرکاء، رضاکاروں، اور سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کی کامیابی میں تعاون کیا۔ انہوں نے کمیونٹی پر بھی زور دیا کہ وہ آفات سے نمٹنے کے لیے فعال اقدامات کریں اور مقامی خطرات اور حفاظتی اقدامات سے باخبر رہیں۔ آفات سے آگاہی اور تیاری کے حوالے سے گلزار فاطمہ کا کہنا تھا کہ ریڈ کریسنٹ اس حوالے سے پورے آزاد کشمیر میں متحرک ہے اور لوگوں کو آفات کے بارے میں آگاہی اور اس کے رد عمل میں کئے جانے والے اقدامات سے شعور اجاگر کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہلال احمر نہ صرف ایمرجنسی صورتحال میں اپنے فرائض انجام دیتی ہے بلکہ امن کے دنوں میں بھی رضاکاران اور سٹاف ممبران دکھی انسانیت کے اپنی خدمات باہم پہنچا رہے ہیں۔