فوٹو: عرب نیوز
فوٹو: عرب نیوز

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے، اسرائیل کی بمباری میں شہید فسلطینیوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

غزہ پر اسرائیل فوج کی وحشیانہ بمباری مسلسل گیارہویں روز بھی جاری ہے ، اسرائیل نے منگل کو غزہ میں اسپتال پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، حملوں میں زخمی افراد کی تعداد ساڑھے 12 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے، شہید ہونے والوں میں 940 بچے اور 1032 خواتین شامل ہیں۔

فلسطینی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ایک ہزار سے زائد افراد اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب غزہ کے اسپتالوں میں چند گھنٹے کا ایندھن باقی رہ گیا ہے۔

ادھر اقوام متحدہ نے بتایا ہے کہ غزہ میں 50 ہزار حاملہ خواتین کو طبی سہولتوں تک رسائی نہیں ہے،  5ہزار 500 خواتین کے ہاں اسی مہینے ولادت متوقع ہے۔

اقوام متحدہ نے  اپیل کی کہ غزہ میں حاملہ خواتین کو فوری دیکھ بھال اور تحفظ کی ضرورت ہے، فریقین عالمی انسانی حقوق قوانین کے تحت ذمہ داری پوری کریں۔