سینیٹ میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

سینیٹ میں سینیٹر اسحاق ڈار کی جانب سے قرار داد پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ ہولو کاسٹ کے بعد کسی ریاست نے ایسا قتل عام اور جنگی جرائم نہیں کیے۔

قرار داد میں فوری جنگ بندی، غزہ کی ناکا بندی ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا جبکہ  اسرائیل کی حمایت کرنے والے ممالک شریک جرم قرار دیے گئے۔

اس موقع پر نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا جبکہ سینیٹرعرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کہیں نظر نہیں آرہی، ہم سفارتی محاذ پر کچھ نہیں کر پار ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ گزشتہ روز پناہ گزینوں کے جبالیا کیمپ پر شدید بمباری کی گئی ہے، اسرائیل کی بمباری سے سیکڑوں شہری شہید ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ناقابل فراموش واقعہ ہے، پوری دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور جنگ بندی کیلئے دنیا کردار ادا کرے۔

عرب میڈیا کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے خلاف اسرائیل سے اپنے سفیر کو فوری واپس بلالیا ہے۔

اردنی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے اسرائیل سے اس کے سفیر کو اردن واپس نہ بھیجنے کا بھی کہا ہے، سفیروں کی واپسی اسرائیل کی غزہ میں جنگ روکنے سے مشروط ہے۔

اس سے قبل مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر وحشیانہ بمباری اور بربریت کے خلاف بطور احتجاج جنوبی امریکا کے 3 ممالک نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کردیے

القسام بریگیڈز کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ القسام کے جنگجو سرنگ سے نکل کر اسرائیلی ٹینکوں کو ٹینک شکن میزائلوں سے نشانہ بنا کر تباہ کر رہے ہیں۔ 

ویڈیو جاری کرنے سے کچھ دیر قبل  حماس کے پولیٹیکل آفس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نےکہا تھا کہ غزہ میں فلسطینی مزاحمت کار تمام محاذوں پر اسرائیلی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، بہت جلد غزہ میں اسرائیلی فورسز کے حقیقی نقصانات کا پردہ فاش کریں گے

 تہران میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھاکہ اسلامی ممالک صیہونی ریاست کوتیل اور خوراک کی برآمدات روکیں، کم از کم اس وقت مسلم ملکوں کو صیہونی ریاست سےمعاشی تعاون نہیں کرناچاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی حکومتوں کو غزہ میں جرائم کے جلد خاتمے  پر اصرار کرنا چاہیے،  مسلمان ممالک کو یاد رکھنا چاہیے غزہ کی آبادی پرکون دباؤ ڈال رہا ہے؟ غزہ کے لوگوں پر دباؤ ڈالنے والوں میں صرف صیہونی ریاست شامل نہیں ہے۔