لاہور ہائیکورٹ میں مختلف سٹیل ملز نے بجلی بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس وصولی کے خلاف درخواستیں دائر کی ہیں، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت میں دائر درخواستوں میں وفاقی حکومت، ایف بی آر اور ڈسکوز کو فریق بنایا گیا ہے، درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف بی آر بجلی کے بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے، قانون کے تحت سیلز ٹیکس بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول نہیں کیا جا سکتا۔

درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بجلی کے بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس وصولی کو کالعدم قرار دے۔*

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اسٹرائیک کور کا دورہ کیا اور مشترکہ تربیتی مشق کا مشاہدہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی اسٹرائیک کور آمد پر کمانڈر منگلا کور نے اُن کا استقبال کیا، آرمی چیف نے جدید ترین VT-4ٹینکوں سے لیس آرمرڈ فارمیشن کی قیادت میں کی گئی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔

آرمی چیف نے مشق میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے، آپریشنل کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے رات کی تاریکی کے دوران آپریشنز میں حاصل ہونے والی مہارت کو بھی سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سربراہ پاک فوج نے درپیش چیلنجز کا جواب دینے کیلئے جنگی تیاری اور ذہنی صلاحیت کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر مختلف ہتھیاروں کے درمیان ہم آہنگی کے حصول کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔*

اسلام آباد میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر راؤنڈ 2 کے گروپ جی کے میچ میں تاجکستان نے میزبان پاکستان کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ میچ برق رفتاری سے شروع ہوا اور مہمان ٹیم نے لگا تار دو گول داغ دیے۔

ابھی چند منٹ بھی نہ گزرے تھے پاکستان کی جانب سے رئیس نبی نے گول بنا کر اسکور 1-2 کر دیا لیکن اس کے بعد تاجک ٹیم چھائی رہی، پے در پے حملے کیے اور پہلے ہاف کے اختتام پر ایک کے مقابلے میں چار گول کی برتری حاصل کر لی۔