شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد وفاقی بیوروکریسی میں بڑی تبدیلیاں کردی گئی۔ گریڈ 21 کے افسر اسد الرحمان گیلانی کو وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کی ذمہ داری مل گئی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اسد الرحمان گیلانی  کی بطور پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ اس سے قبل اسد الرحمان گیلانی ایڈیشنل سیکرٹری انچارج کی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔

کیپٹن ریٹائرڈ خرم آغا کو وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ خرم آغا کو سیکرٹری کامرس ڈویژن تعینات کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ سیکرٹری صالح فاروقی کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھنگ کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2024 کی منظوری دے دی ہے، آرڈیننس کی منظوری بھنگ کے طبی اور صنعتی استعمال کو ریگولیٹ اور کنٹرول کرنے کے لیے دی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اتھارٹی بھنگ کے پودے کی کاشت، نکالنے اور ریفائننگ مینوفیکچرنگ کرے گی۔ اتھارٹی کے انتظامی کنٹرول کے لیے 13 رکنی بورڈ آف گورنر ہوگا، بورڈ کی صدارت سیکریٹری دفاع ڈویژن کریں گے۔

بورڈ کے دیگر اراکین میں سیکریٹری کابینہ، قانون و انصاف، نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹری، نجی شعبے کے دو ارکان، پی سی ایس آئی آر کے چیئرمین کے ساتھ ساتھ بورڈ میں آئی ایس آئی، آئی بی کے نمائندے، اے این ایف اور ڈریپ کا بھی ایک رکن شامل ہوگا۔

بورڈ، پالیسی فیصلے اور تبدیلی یا کوتاہی سمیت بھنگ سے متعلق معاملات پر وفاقی حکومت کو مشورہ دے گا، لائسنس جاری کرنے کا اختیار بھی بورڈ کے پاس ہوگا جبکہ وفاقی حکومت کسی بھی وقت براہ راست بورڈ کا اجلاس بلا سکتی ہے۔